گونڈا،12؍نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کی قیصر گنج پارلیمانی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور بھارتی کشتی یونین کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ نے بلدیاتی انتخابات میں تنظیم کے ذریعہ اپنے کو نظر انداز کئے جانے سے ناراض ہو کر بغاوت کا اعلان کر دیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے ’من کی بات‘پروگرام کے طرز پر’گونڈا کے عوام سے من کی بات ‘پروگرام میں سنگھ جذباتی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ نواب گنج میونسپلٹی کے لئے پارٹی کے ذریعہ نامزد امیدوار کی کھل کر مخالفت کریں گے، چاہے اس کے لئے انہیں لوک سبھا کی رکنیت ہی کیوں نہ گنوانی پڑے۔گزشتہ اسمبلی انتخابات کے بعد سے ہی پارٹی کے مقامی تنظیم سے ناراض چل رہے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے اپنے پارلیمانی آفس کے احاطے میں شہر کے عوام سے بات کرنے کے لئے ’من کی بات‘پروگرام منعقد کیا۔حامیوں سے کھچا کھچ بھرے پنڈال میں ایم پی جب بولنے کے لئے کھڑے ہوئے تو بہت جذباتی ہوگئے۔انہوں نے ٹکٹوں کی تقسیم کو لے کر تنظیم پر الزام لگایا۔سنگھ نے کہا کہ ٹکٹ تقسیم کو لے کر ہم (باپ بیٹے) تنظیم نے ایک بار بحث تک نہیں کی۔پارٹی قیادت کو گمراہ کیا گیا۔اوپر تک صحیح بات نہیں پہنچائی گئی۔انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے آبائی علاقے نواب گنج میں پارٹی کا امیدوار اتار دیا ہے۔حالانکہ اس پارٹی کو انتخابی نشان نہیں ملا ہے۔